وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد پولیس میں 1,712 خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا اعلان کرتے ہوئے نوجوانوں سے بروقت درخواستیں جمع کرانے کی اپیل کی ہے۔
اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ آن لائن درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ میں صرف چار دن باقی رہ گئے ہیں، لہٰذا امیدوار مقررہ وقت کے اندر اپنی درخواستیں جمع کرائیں۔
انہوں نے بتایا کہ بھرتی کے عمل میں ملک کے تمام صوبوں کے نوجوانوں کے لیے مقررہ کوٹہ شامل ہے، جبکہ امیدواروں کا انتخاب مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ سفارش یا کسی بھی قسم کے غیر قانونی اثر و رسوخ کے ذریعے بھرتی کی کوشش کرنے والے امیدواروں کو فوری طور پر نااہل قرار دے دیا جائے گا۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ امیدواروں کی سہولت کے پیش نظر ان کے قریبی علاقوں میں امتحانی مراکز قائم کیے جائیں گے تاکہ بھرتی کے عمل میں زیادہ سے زیادہ آسانی فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اسلام آباد پولیس کا حصہ بن کر فخر کے ساتھ ملک و قوم کی خدمت کریں اور قانون کے نفاذ اور عوام کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





