بھارت میں مصنوعی عالمی وقار کی سیاست پر سنگین سوالات اٹھ رہے ہیں، عطا اللہ تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت میں مصنوعی عالمی وقار کی سیاست پر سنگین سوالات اٹھ رہے ہیں، جبکہ نریندر مودی بیرونِ ملک اعزازی ایوارڈز وصول کر رہے ہیں اور عام بھارتی عوام اندرونی مسائل سے دوچار ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ بیرونِ ملک دوروں سے چند روز قبل نئے اعزازی ایوارڈز کا اجرا خود کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ بعض سرٹیفکیٹس میں بنیادی املا کی غلطیاں بھی سامنے آئی ہیں، جبکہ بعض مواقع پر ایوارڈ حاصل کرنے والا واحد اور پہلا شخص ہی رہا، جس سے ان اعزازات کی ساکھ پر سوالات اٹھتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ امیج بلڈنگ کی یہ حکمتِ عملی اب خود شرمندگی کا باعث بن رہی ہے۔ ان کے بقول بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے برسوں ایسے اعزازات کو عالمی پذیرائی کے ثبوت کے طور پر پیش کیا اور اندرونِ ملک نفرت انگیز پالیسیوں کے باوجود عالمی شناخت کا تاثر دینے کی کوشش کی۔

عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ نریندر مودی بیرونِ ملک اعزازی ایوارڈز وصول کر رہے ہیں، جبکہ عام بھارتی عوام بدستور اندرونی مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close