وزیراعظم شہباز شریف کی ٹرمپ اور امریکی عوام کو مبارکباد

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے امریکا کے 250ویں یومِ آزادی کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان پائیدار جمہوری اقدار کی خوشی میں امریکا کے ساتھ شریک ہے اور دونوں ممالک کے درمیان سات دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط شراکت داری قائم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی نژاد امریکی برادری نے دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، جبکہ عالمی امن کو درپیش مختلف چیلنجز کے دوران پاکستان اور امریکا ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی ایشیا میں امن کے لیے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں نے ممکنہ تباہ کن جنگ کو روکنے اور کروڑوں جانیں بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے عالمی تنازعات کے خاتمے کے لیے صدر ٹرمپ کی کاوشوں کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا ایک روشن اور امید افزا مستقبل کی جانب بڑھ رہے ہیں اور پاکستان امریکا کے ساتھ اپنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ بھارت میں مصنوعی عالمی وقار کی سیاست پر سنجیدہ سوالات اٹھ رہے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ بیرونِ ملک دوروں سے قبل نئے اعزازات کے اجرا، بعض سرٹیفکیٹس میں املا کی غلطیوں اور بعض مواقع پر صرف ایک ہی شخصیت کو ایوارڈ دیے جانے جیسے معاملات نے ان اعزازات کی ساکھ پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے برسوں ایسے اعزازات کو عالمی پذیرائی کے ثبوت کے طور پر پیش کیا، تاہم ان کے بقول اندرونِ ملک مسائل اور نفرت انگیز پالیسیوں کے باوجود عالمی شناخت کا یہ تاثر اب خود شرمندگی کا باعث بن رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نریندر مودی بیرونِ ملک اعزازی ایوارڈز وصول کر رہے ہیں، جبکہ عام بھارتی عوام اندرونی مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close