پاکستان اور ترکیہ نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ، اور علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان کے درمیان استنبول میں ہونے والی ملاقات اور مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران سامنے آیا۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے وفد کا استنبول آمد پر پرتپاک استقبال کرتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی امور پر تفصیلی اور نتیجہ خیز تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کی موجودہ رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق ہوا۔
صدر اردوان نے کہا کہ عالمی امن کے فروغ کے لیے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت ایک اہم پیش رفت ہے اور ترکیہ خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے پاکستان کی کوششوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان روابط کو مضبوط بنایا جائے گا، جبکہ خصوصی اقتصادی زونز کے حوالے سے متعلقہ وزارتیں باہمی تعاون جاری رکھیں گی۔
ترک صدر نے مزید کہا کہ ان کی حکومت ترک کاروباری برادری کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے مزید حوصلہ افزائی کرے گی تاکہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جا سکے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں ترک صدر رجب طیب اردوان کی میزبانی اور شاندار استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات صرف سفارتی نوعیت کے نہیں بلکہ دونوں ممالک کے عوام کے دلوں کے رشتے ہیں، جو مشترکہ تاریخ، مذہبی و ثقافتی اقدار اور باہمی اعتماد پر قائم ہیں۔
انہوں نے یاد دلایا کہ ترکیہ کی جنگِ آزادی کے دوران برصغیر کے مسلمانوں، خصوصاً علی برادران، نے ترک عوام کی بھرپور حمایت کی، جس نے دونوں ممالک کے تعلقات کو ایک مضبوط بنیاد فراہم کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، چاہے وہ جنگ ہو، زلزلہ، سیلاب یا کوئی اور قدرتی آفت۔
وزیراعظم نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کے دوران ترکیہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی امداد، خصوصاً ضلع مظفرگڑھ سمیت دیگر متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم ترک عوام کی محبت اور تعاون کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ “دو دل، ایک جان” ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے۔ انہوں نے مولانا جلال الدین رومی اور علامہ محمد اقبال کی تعلیمات کو دونوں اقوام کا مشترکہ فکری سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان عظیم شخصیات کا پیغام محبت، بھائی چارے اور انسانیت کے فروغ پر مبنی ہے۔
وزیراعظم نے صدر رجب طیب اردوان کی قیادت میں ترکیہ کی صنعتی، اقتصادی اور سماجی ترقی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے ترقیاتی تجربات سے استفادہ کرنا چاہتا ہے اور مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کے ذریعے تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور ترکیہ تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، توانائی، بنیادی ڈھانچے، خصوصی اقتصادی زونز اور دیگر اہم شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دیں گے اور علاقائی امن، استحکام اور مشترکہ خوشحالی کے لیے مل کر کام جاری رکھیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






