علی خامنہ ای کی تعزیتی تقریبات: وزیرِاعظم اور فیلڈ مارشل کی شرکت، عالمی وفود کی آمد جاری

ایران کے سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کا جسدِ خاکی دارالحکومت تہران کی گرینڈ مصلّیٰ مسجد پہنچا دیا گیا ہے، جہاں ان کی یاد میں تعزیتی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستان کے وزیرِاعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت اعلیٰ سرکاری حکام اور سیاسی رہنما بھی تہران میں موجود ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور پاکستان کا اعلیٰ سطح کا وفد تہران کے گرینڈ امام خمینی مصلّیٰ میں ایران کے سابق سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی تعزیتی تقریبات میں شریک ہیں۔

وفد میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹواور وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ بھی موجود ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے ایران پہچنے کے بعد وزیرِداخلہ سکندر مومنی سے ملاقات کی۔ جس کے بعد وزیراعظم اور فیلڈمارشل عاصم منیر نے سابق سپریم لیڈر کی وفات پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان، پارلیمںٹ کے اسپیکر باقر قالیباف اور وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سے بھی تعزیت کی۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے تہران میں ملاقات کی، ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کی ایران کے لیے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایران کے رہبر اعلیٰ شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے تہران میں موجود ہیں۔

اس سے قبل وزیرِاعظم شہباز شریف جمعے کو اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ ایک روزہ دورے پر تہران پہنچے، ان کی آمد سے کچھ دیر قبل پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی علی خامنہ ای کے جنازے اور تعزیتی تقریبات میں شرکت کے لیے تہران پہنچے تھے۔

سابق ایرانی سپریم لیڈر کی نمازِ جنازہ اور تعزیتی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان سے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی سربراہی میں بھی ایک وفد گزشتہ شب تہران پہنچا تھا جب کہ وزیرِداخلہ محسن نقوی پہلے سے ہی تہران میں موجود ہیں۔

عرب نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ آیت اللہ علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ اور دیگر تعزیتی تقریبات میں لاکھوں افراد شریک ہیں، جبکہ مجموعی طور پر تقریباً دو کروڑ افراد کی شرکت کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔ اگر یہ تعداد پوری ہوئی تو یہ ایران کی تاریخ کا سب سے بڑا جنازہ ہوگا۔

ایرانی حکام کے مطابق سابق سپریم لیڈر کی آخری رسومات کئی مراحل پر مشتمل ہوں گی، جس کے اختتام پر آیت اللہ علی خامنہ ای کو ان کے آبائی شہر مشہد میں واقع امام رضا کے روضے کے احاطے میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔

ایران کے سابق رہبرِ اعلیٰ علی خامنہ ای کی تجہیز و تدفین کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز تہران کے بڑے مذہبی اور ثقافتی مرکز ’امام خمینی مصلیٰ‘ سے ہوا ہے۔ اس دوران ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں خامنہ ای کا تابوت اس مرکز میں لایا گیا جہاں شہری اپنے محبوب رہنما کو خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

ایرانی حکومت نے آیت اللہ علی خامنہ ای کی وفات کو ملک کے لیے بڑا سانحہ قرار دیا ہے 6 جولائی کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے تاکہ عوام نمازِ جنازہ اور دیگر سوگوار تقریبات میں شرکت کر سکیں۔

اس سے قبل ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’ارنا‘ نے بتایا تھا کہ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کے مطابق آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی آخری رسومات میں سربراہانِ مملکت، پارلیمانی رہنما، وزرائے خارجہ اور مختلف ممالک کے خصوصی سرکاری نمائندے شرکت کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جمعہ 3 جولائی کی صبح 8 بجے تہران میں الوداعی تقریب کا آغاز ہوگا، جب کہ اسی روز غیر ملکی وفود اور اعلیٰ سیاسی شخصیات بھی تعزیتی تقریبات میں شریک ہوں گی۔

ان کے بقول یہ تقریب نہ صرف ایرانی عوام بلکہ خطے، مسلم دنیا اور دیگر اقوام کے لیے بھی غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے۔

ایرانی حکام کے مطابق سابق سپریم لیڈر کی آخری رسومات کا سلسلہ کئی روز تک جاری رہے گا۔ ایرانی حکام کے اندازے کے مطابق ان آخری رسومات میں ملک اور بیرونِ ملک سے ڈیڑھ سے دو کروڑ افراد کی شرکت متوقع ہے، جس کے باعث سیکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کو غیر معمولی سطح پر بڑھا دیا گیا ہے۔

سید علی خامنہ ای کے جنازہ اور تدفین کی سات روزہ تقریبات کا آغاز آج (تین جولائی) سے تہران میں ہو رہا ہے جبکہ اِن تقریبات کا اختتام نو جولائی کو مشہد میں حرم امام رضا میں انکی تدفین پر ہو گا۔

یاد رہے کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای 28 فروری کو ایران پر ہونے والے ابتدائی امریکی اور اسرائیلی حملے میں شہید ہوئے تھے۔ اس حملے میں ان کی بہو اور موجودہ سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کی اہلیہ بھی شہید ہو گئی تھیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close