یکم جولائی سے شدید بارشوں کی پیش گوئی

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ ہفتے کے موسم کی پیش گوئی جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ یکم سے 6 جولائی کے دوران ملک میں مون سون بارشوں کا پہلا باقاعدہ اسپیل متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، شمالی بلوچستان اور بالائی سندھ میں آندھی، تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، لاہور، گجرات اور دیگر شہروں میں وقفے وقفے سے بارشیں متوقع ہیں، جبکہ شمال مشرقی پنجاب اور خطہ پوٹھوہار میں موسلادھار بارشوں کے باعث شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

ادارے کے مطابق ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان، راجن پور، لیہ اور میانوالی میں 3 سے 5 جولائی کے دوران بارش کا امکان ہے، جبکہ یکم جولائی کو خیبرپختونخوا کے بالائی اور پہاڑی اضلاع میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ دیر، سوات، چترال، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ملحقہ علاقوں میں مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ استور، سکردو، گلگت، ہنزہ، دیامر، غذر، شگر اور گھانچے میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اسی طرح مظفرآباد، وادی نیلم، راولاکوٹ، باغ، بھمبر اور میرپور میں یکم سے 6 جولائی تک بارشوں کا امکان ہے، جبکہ بلوچستان کے اضلاع ژوب، شیرانی، بارکھان، سبی، کوہلو، ہرنائی اور ڈیرہ بگٹی میں یکم سے 4 جولائی کے دوران بارش متوقع ہے۔

سندھ کے اضلاع لاڑکانہ، سکھر، جیکب آباد، خیرپور اور شہید بینظیر آباد میں 3 اور 4 جولائی کو بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے نے سیاحوں، مسافروں اور مقامی انتظامیہ کو موسمی صورتحال سے باخبر رہنے اور جاری کردہ ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کرتے ہوئے تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close