ٹرمپ کا ایران پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام، ڈرون حملوں کا دعویٰ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے الزام عائد کیا ہے کہ ایران نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر چار خودکش ڈرون حملے کیے، جنہیں انہوں نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی جانب سے داغے گئے چار خودکش ڈرونز میں سے ایک ایک بڑے اور قیمتی مال بردار جہاز کے بالائی حصے سے ٹکرایا، جس سے جہاز کو نقصان پہنچا، تاہم وہ اپنا سفر جاری رکھنے میں کامیاب رہا۔ ان کے مطابق باقی تین ڈرون مار گرائے گئے۔ ٹرمپ نے کہا کہ یہ جنگ بندی معاہدے کی واضح اور احمقانہ خلاف ورزی ہے۔

اس سے قبل ایران نے آبنائے ہرمز میں تین بحری جہازوں کا راستہ روک دیا تھا۔ ایرانی بحریہ کا مؤقف تھا کہ یہ جہاز مقررہ بحری راستے سے ہٹ کر سفر کر رہے تھے، جبکہ پاسدارانِ انقلاب کی وارننگ کے بعد تینوں جہاز واپس مڑ گئے۔

دوسری جانب ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ آبنائے ہرمز کو متوازی بحری راستوں یا ایران کو نظر انداز کر کے محفوظ نہیں بنایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی فریم ورک اسلام آباد میمورنڈم کی شق 5 کے مطابق ہونا چاہیے، بصورت دیگر متوازی بحری راستے کی معطلی ناگزیر ہوگی۔

ادھر ایرانی افواج کی مشترکہ کمانڈ خاتم الانبیا سنٹرل ہیڈکوارٹرز کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ ہمسایہ ممالک کی فضائی حدود میں اسرائیلی طیارے ایران کی سمت آتے دیکھے گئے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ اقدام ایران کی قومی سلامتی کے لیے براہِ راست خطرہ ہے۔ ترجمان کے مطابق اگر امریکا اسرائیل کو روکنے میں ناکام رہا تو ایران مناسب جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے اور اپنے خلاف کسی بھی خطرے کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close