بل گیٹس نے سنسنی خیز اعتراف کر کے امریکی ایوان میں ہلچل مچا دی

مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے سنسنی خیز انکشافات اور اعترافات کر کے امریکی ایوان کے اراکین کو ہلا دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے امریکی ایوان کی کمیٹی کے سامنے سنسنی خیز اعتراف کر کے سب کو چونکا دیا اور بتایا کہ بدنام زمانہ مجرم جیفری ایپسٹن مجھے بلیک میل کرنا چاہتا تھا۔

امریکی کانگریس کمیٹی نے مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کے بند کمرے میں دیے گئے بیان کا متن جاری کر دیا، جس کے مطابق بل گیٹس کا کہنا تھا کہ جیفری ایپسٹن میرے ماضی کے غیر ازدواجی تعلقات کو فاش کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا، اس کے مسودہ ای میلز سے واضح ہے کہ وہ مجھے دھمکانے کی تیاری کر رہا تھا۔

بل گیٹس نے اعتراف کیا ہے کہ میرے 3 خواتین کے ساتھ تعلقات رہے جبکہ بدنامِ زمانہ جنسی مجرم جیفری ایپسٹین کو میرے 2 تعلقات کی معلومات تھیں۔

بل گیٹس نے ایپسٹین کے جرائم سے کسی بھی طرح کے تعلق کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 4 سال کے دوران ایپسٹین سے تقریباً 12 سے 14 ملاقاتیں اور 2 ویڈیو کالز کیں۔ ایپسٹین کی مجھ سے ملاقاتیں زیادہ تر فلاحی منصوبوں اور ممکنہ عطیہ دہندگان سے رابطوں کے سلسلے میں ہوئیں۔

بل گیٹس نے کمیٹی کو بتایا کہ میں جیفری ایپسٹن کے مجرمانہ کردار سے لاعلم تھا، تاہم جیفری ایپسٹن سے ملاقات میری زندگی کی سب سے بڑی غلطی تھی۔

واضح رہے کہ امریکی ایوان کی کمیٹی جیفری ایپسٹن کے با اثرعالمی شخصیات کے ساتھ نیٹ ورک کی تحقیقات کر رہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close