امریکی ریاست میری لینڈ میں ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں پائلٹ سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے پائلٹ اور دو مسافر اسرائیلی شہری تھے,یہ حادثہ امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے مشرق میں چند کلومیٹر کے فاصلے پر پیش آیا۔
رپورٹس کے مطابق طیارہ تربیتی پرواز پر تھا، تاہم حادثے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکیں۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ انہیں حادثے کی اطلاع مقامی وقت کے مطابق رات 11 بج کر 30 منٹ پر موصول ہوئی، جس کے بعد امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ ایک مقامی فلائٹ اسکول کی ملکیت تھا اور غالب امکان ہے کہ اسے تربیتی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔
حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ ابتدائی طور پر کسی تکنیکی خرابی یا دیگر ممکنہ عوامل کو خارج از امکان قرار نہیں دیا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






