وزیر دفاع کا ویگو ڈالے پر پابندی کا مطالبہ

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے ملک میں ویگو ڈالے پر پابندی کا مطالبہ کر دیا۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب میں عوامی نمائندوں اور وزرا کے طرزِ زندگی میں سادگی اور اعتدال اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ عوام اپنے منتخب نمائندوں کے کردار اور رویوں کو مثال کے طور پر دیکھتے ہیں، اس لیے ان کا طرز عمل معاشرے پر براہ راست اثر انداز ہوتا ہے۔

خواجہ آصف نے وزرا اور ارکانِ پارلیمنٹ کے لیے بھاری سیکیورٹی قافلوں اور ویگو ڈالوں کے استعمال کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے اکثر طاقت کے مظاہرے کے طور پر دیکھا جاتا ہے، جس سے عوام میں منفی تاثر پیدا ہوتا ہے۔

انہوں نے ارکانِ پارلیمنٹ کو یاد دلایا کہ اقتدار اور اختیار عوام کی امانت ہیں، اس لیے عوامی نمائندوں کو اپنے رویوں اور طرزِ زندگی سے مثبت مثال قائم کرنی چاہیے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ اقتدار مستقل نہیں ہوتا، حالات بدلتے رہتے ہیں، اس لیے سیاسی زندگی میں تحمل، توازن اور شائستگی کو فروغ دینا ضروری ہے۔

انہوں نے ویگو کلچر اور ضرورت سے زائد سیکیورٹی پروٹوکول پر ازسرِنو غور کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عوامی نمائندوں کو غیر ضروری پروٹوکول سے گریز کرنا چاہیے تاکہ عوام تک مثبت پیغام پہنچ سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close