پہلی پاکستانی خاتون کرکٹر ,قومی ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناءنے بڑا اعزازحاصل کرلیا

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء کو انگلینڈ کی معروف دی ہنڈریڈ لیگ کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے اور وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کرکٹر بن گئیں۔

آل راؤنڈر فاطمہ ثناء کو برمنگھم فینکس نے وائلڈ کارڈ ڈرافٹ کے ذریعے اپنی ٹیم کا حصہ بنایا ہے۔ فاطمہ ثناء کو آسٹریلیا کی لوسی ہیملٹن کی جگہ سکواڈ میں شامل کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق فاطمہ ثناء کو اس لیگ میں شرکت کے لیے 15 ہزار پاؤنڈ معاوضہ دیا جائے گا جو ان کے کیریئر میں ایک اہم پیش رفت تصور کی جا رہی ہے۔

فاطمہ ثناء اس وقت آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ جنوبی افریقا کے خلاف ایک میچ میں اگرچہ پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم فاطمہ کی آل راؤنڈ کارکردگی نمایاں رہی۔

اس میچ میں پاکستانی ٹیم بیٹنگ کے دوران مشکلات کا شکار رہی اور ایک موقع پر اس کے 8 کھلاڑی صرف 50 رنز پر آؤٹ ہو چکے تھے۔ ایسے میں فاطمہ ثناءنے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 38 گیندوں پر ناقابل شکست 55 رنز سکور کیے۔

ان کی اننگز میں 6  چوکے اور 2 چھکے شامل تھے اور یہ ان کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پہلا نصف سنچری سکور تھا۔

فاطمہ ثناء ایک ہی ٹی ٹوئنٹی میچ میں نصف سنچری سکور کرنے اور3  وکٹیں حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی کپتان بھی بن گئی ہیں جو ان کے آل راؤنڈ ٹیلنٹ کی واضح مثال ہے۔

دی ہنڈریڈ لیگ میں ان کی شمولیت کو پاکستان ویمن کرکٹ کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے جس سے نہ صرف ان کے کیریئر کو تقویت ملے گی بلکہ دیگر کھلاڑیوں کے لیے بھی بین الاقوامی مواقع کے دروازے کھلیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close