جانوروں کو غیر قانونی طور پر قید رکھنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں

جھنگ: پنجاب کے ضلع جھنگ میں محکمہ جنگلی حیات نے کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر قید رکھے گئے ایک نر کالے ریچھ کو بازیاب کرا لیا ہے۔

محکمہ جنگلی حیات کے مطابق اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر جھنگ سلیم سرگانہ نے رینجرز ٹیم کے ہمراہ خصوصی آپریشن کیا، جس کے دوران ریچھ کو تحویل میں لے کر اس کے مالک کو گرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان کے مطابق ملزم کے خلاف پنجاب وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر مقامی تھانے میں ایف آئی آر درج کر دی گئی ہے۔

برآمد شدہ ریچھ کو مالِ مقدمہ کے طور پر عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے خصوصی جوڈیشل مجسٹریٹ نے اس کی مناسب دیکھ بھال اور تحفظ کے پیش نظر اسے منی زو بھکر منتقل کرنے کا حکم دیا۔

محکمہ جنگلی حیات کا کہنا ہے کہ جنگلی جانوروں کو غیر قانونی طور پر قید رکھنے والوں کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close