کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مڈل کلاس طبقے کے لیے سولر انرجی کا نیا قسط پلان متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ شہری اپنے ماہانہ بجلی کے بل کے برابر قسط ادا کر کے سولر سسٹم نصب کروا سکیں گے۔ ان کے مطابق اگر کسی صارف کا بجلی کا بل 25 ہزار روپے ماہانہ ہے تو وہ اتنی ہی رقم ماہانہ قسط کی صورت میں ادا کر کے سولر سسٹم حاصل کر سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت شہری چند سالوں میں قسطیں مکمل کرنے کے بعد بجلی کے بلوں سے مستقل طور پر نجات حاصل کر سکیں گے۔
مراد علی شاہ نے مزید بتایا کہ مڈل کلاس کو ریلیف دینے کے لیے سستے قرضوں کی خصوصی اسکیم بھی متعارف کرائی جا رہی ہے، جبکہ کراچی میں سندھ انٹرنیشنل فنانشل سینٹر کے قیام کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر سندھ حکومت اب چھوٹے منصوبوں کے بجائے بڑے میگا پروجیکٹس پر توجہ دے رہی ہے۔ اس سلسلے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کیٹی بندر پورٹ کا بڑا منصوبہ بھی زیرِ غور ہے، جس کے لیے چین سے بھی مشاورت کی جا چکی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






