اسلام آباد: ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک نے دنیا کے معروف بلاک چین ایکو سسٹم اور کرپٹو کرنسی ایکسچینج بائنانس (Binance) کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیے ہیں۔
اس شراکت داری کا مقصد پاکستان میں بڑھتی ہوئی مالیاتی ٹیکنالوجیز کے فروغ اور ان کے مؤثر استعمال کے امکانات کا جائزہ لینا اور ڈیجیٹل بچت و سرمایہ کاری کے جدید حل کے لیے مواقع تلاش کرنا ہے۔ اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کے صدر و سی ای او جہانزیب خان اور بائنانس کے مشرق وسطیٰ، شمالی افریقہ اور ترکی (MENA-T) کے ریجنل ہیڈ اور ابوظہبی میں سینئر ایگزیکٹو آفیسر طارق ایرک نے اپنے اپنے اداروں کے سینئر نمائندوں کی موجودگی میں دستخط کیے۔
یہ شراکت داری پاکستان کے ڈیجیٹل مالیاتی شعبے میں جدت، ذمہ دارانہ ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے ایزی پیسہ کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ادارے پاکستان میں ڈیجیٹل بچت اور سرمایہ کاری کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے ممکنہ تعاون کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیں گے اور ابتدائی مشاورت و تبادلہ خیال کریں گے، جبکہ کسی بھی مستقبل کے اقدامات کا انحصار ریگولیٹری منظوریوں اور لائسنسنگ و کمپلائنس تقاضوں پر ہوگا۔
بائنانس دنیا بھر میں 300 ملین سے زائد صارفین کو بلاک چین اور ڈیجیٹل مالیاتی خدمات فراہم کرتا ہے، جن میں ٹریڈنگ پلیٹ فارمز، مالیاتی مصنوعات، تعلیمی اقدامات اور ویب 3 پر مبنی جدید خدمات شامل ہیں۔ کمپنی سکیورٹی، شفافیت اور ریگولیٹری تقاضوں کی پاسداری پر زور دیتی ہے۔
بائنانس نے حال ہی میں پاکستان ورچوئل اثاثہ جات ریگولیٹری اتھارٹی (PVARA) کے تحت اینٹی منی لانڈرنگ (AML) رجسٹریشن بھی حاصل کی ہے، جو پاکستان میں ضابطہ جاتی ڈیجیٹل مالیاتی نظام کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
ایم او یو کے تحت مجوزہ اقدامات میں آگاہی، تعلیم اور کیپسٹی بلڈنگ سے متعلق سرگرمیاں شامل ہوں گی، جو مستقبل میں ڈیجیٹل مالیاتی جدت اور سرمایہ کاری کے مواقع کے لیے بنیاد فراہم کریں گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






