جب تک میں وزیراعظم ہوں، ایران ایٹمی طاقت نہیں بن سکتا!

تل ابیب: اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ جب تک وہ اسرائیل کے وزیرِاعظم ہیں، ایران کو کبھی ایٹمی ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے اور اس معاملے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی ان سے مکمل اتفاق رکھتے ہیں۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق یہ بات اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہی گئی، جس میں کہا گیا کہ نیتن یاہو گزشتہ تین دہائیوں سے ایران کے جوہری پروگرام کے خلاف عالمی سطح پر مہم کی قیادت کر رہے ہیں۔

بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ اگر نیتن یاہو کی مسلسل کوششیں نہ ہوتیں تو ایران بہت پہلے اسرائیل کو نشانہ بنانے کے لیے ایٹمی صلاحیت حاصل کر چکا ہوتا۔

اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے الزام عائد کیا کہ ایران کا مقصد اسرائیل کا خاتمہ ہے اور نیتن یاہو نے اپنی سیاسی زندگی اسی خطرے کو روکنے کے لیے وقف کر رکھی ہے۔

بیان کے مطابق نیتن یاہو اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس بات پر مکمل طور پر متفق ہیں کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب صدر ٹرمپ نے اشارہ دیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدے کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔ اسی تناظر میں نیتن یاہو نے ایران کے جوہری پروگرام کے خلاف اپنے سخت مؤقف کا اعادہ کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close