اسلام آباد : پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل 2026 کے اخراجات، آمدن اور منافع کی تفصیلات سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ میں پیش کر دیں۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین سینیٹر رانا محمود الحسن کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں پی سی بی حکام نے لیگ کے مالی معاملات پر بریفنگ دی۔
پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل میں ٹیموں کی تعداد 8 کرنے سے منافع میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جو 2 ارب روپے سے بڑھ کر 7.5 ارب روپے تک پہنچ گیا۔ پی ایس ایل 2026 میں مجموعی اخراجات 2 ارب 64 کروڑ 54 لاکھ روپے جبکہ مجموعی آمدن 10 ارب 19 کروڑ 52 لاکھ روپے سے زائد رہی۔
رپورٹ کے مطابق پی ایس ایل 2026 سے پی سی بی کو قبل از ٹیکس 7 ارب 54 کروڑ 98 لاکھ روپے سے زائد منافع حاصل ہوا، جبکہ 2024 میں یہ منافع 2 ارب 46 کروڑ روپے اور 2025 میں 2 ارب روپے تھا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئی ٹیموں کی فروخت سے بھی آمدن میں اضافہ ہوا، ساتویں ٹیم 1.75 ارب روپے اور آٹھویں ٹیم 1.85 ارب روپے میں فروخت ہوئی، جبکہ ملتان سلطانز 2.45 ارب روپے میں فروخت کی گئی۔ فرنچائز فیس کی مد میں مجموعی طور پر 8 ارب 80 کروڑ 80 لاکھ روپے وصول کیے گئے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ بورڈ کا شیئر آف سنٹرل پول ریونیو 1 ارب 29 کروڑ 22 لاکھ 71 ہزار روپے رہا، جبکہ دیگر آمدن 9 کروڑ 50 لاکھ روپے رہی۔ براڈکاسٹنگ رائٹس، اسپانسرشپ اور گیٹ منی کا 95 فیصد حصہ ٹیموں کو جاتا ہے جبکہ 5 فیصد پی سی بی کے پاس رہتا ہے۔
چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی کے مطابق سینئر افسران کی تنخواہیں 12 سے 24 لاکھ روپے ماہانہ کے درمیان ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پی سی بی بورڈ کے 11 ارکان چیئرمین کا انتخاب کرتے ہیں جبکہ تین ارکان وزیراعظم نامزد کرتے ہیں۔
اجلاس میں سفارش کی گئی کہ بورڈ میں خواتین کی نمائندگی اور چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کی نمائندگی یقینی بنائی جائے۔
مزید بتایا گیا کہ ایک کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر پر 12 سے 14 ارب روپے لاگت آتی ہے، کراچی اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش پر 5 ارب روپے خرچ ہوں گے جبکہ اسلام آباد اسٹیڈیم سی ڈی اے تیار کر رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





