خوفناک آتشزدگی، 36 بسیں جل کر خاکستر

برطانیہ کے علاقے چاڈویل میں بس ڈپو میں خوفناک آتشزدگی کے باعث 36 ڈبل ڈیکر بسیں مکمل طور پر جل کر تباہ ہو گئیں، جبکہ ابتدائی تحقیقات میں واقعے کو مبینہ طور پر دانستہ طور پر لگائی گئی آگ قرار دیا جا رہا ہے۔ مقامی فائر بریگیڈ کے مطابق آگ جمعہ کی شام تقریباً 6 بجے لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے بس اسٹوریج یارڈ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
آگ پر قابو پانے کے لیے پانچ فائر ٹیمیں اور تقریباً 25 اہلکار موقع پر پہنچے اور کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد آگ بجھائی گئی۔ حکام کے مطابق شدید آگ کے باعث نہ صرف بسیں تباہ ہوئیں بلکہ اردگرد کے علاقوں میں بھی دھواں پھیل گیا اور بعض مقامات پر بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔ فائر سروس کی ابتدائی انویسٹی گیشن میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ آگ حادثاتی نہیں تھی بلکہ مبینہ طور پر جان بوجھ کر لگائی گئی تھی جس کے بعد پولیس نے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ مقامی افراد کے مطابق دھوئیں کے بڑے بادل بیس میل سے زائد فاصلے تک دیکھے گئے جبکہ کئی علاقوں میں جلی ہوئی چیزوں کی بو بھی محسوس کی گئی۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی نے واقعے کے وقت مشکوک سرگرمی دیکھی ہو تو وہ تفتیشی اداروں سے رابطہ کرے تاکہ ذمہ دار افراد کا تعین کیا جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close