آزادکشمیر: عام انتخابات کا شیڈول جاری، پولنگ کب ؟تفصیلات سامنے آگئیں

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر میں عام انتخابات 27 جولائی کو ہوں گے، جس کے لیے الیکشن کمیشن نے باضابطہ انتخابی شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے مظفرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے 27 جولائی کو پولنگ کرانے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر آزاد کشمیر میں عام انتخابات رینجرز اور دیگر سیکیورٹی فورسز کی نگرانی میں منعقد ہوں گے۔

چیف الیکشن کمشنر نے مزید بتایا کہ عام انتخابات کے پیش نظر آزاد کشمیر بھر میں نئی تقرریوں، تبادلوں اور ترقیاتی منصوبوں کے اجرا پر پابندی عائد ہوگی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری انتخابی شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی 9 جون سے 19 جون تک جمع کرائے جا سکیں گے، جبکہ امیدوار 19 جون کو شام 4 بجے تک اپنے کاغذات جمع کرا سکیں گے۔

کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 20 جون کو ہوگی اور یہ عمل صبح 8 بجے سے شروع ہوگا۔ درست کاغذات نامزدگی والے امیدواروں کی فہرست بھی 20 جون کو جاری کی جائے گی۔

مسترد شدہ کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیلیں 21 جون سے 24 جون تک دائر کی جا سکیں گی، جبکہ اپیلیں دوپہر 2 بجے سے پہلے جمع کرانا لازمی ہوگا۔

اپیلوں کی سماعت 26 اور 27 جون کو صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک کی جائے گی، جبکہ ان پر فیصلے 28 اور 29 جون کو سنائے جائیں گے۔

کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 30 جون مقرر کی گئی ہے اور امیدوار دوپہر 2 بجے سے پہلے دستبردار ہو سکیں گے۔

امیدواروں کی حتمی فہرست یکم جولائی کو جاری کی جائے گی جبکہ انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ 2 جولائی کو ہوگی۔ انتخابی نشانات کے ساتھ امیدواروں کی حتمی فہرست بھی 2 جولائی کو جاری کی جائے گی۔

آزاد کشمیر میں پولنگ 27 جولائی کو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ الیکشن شیڈول کا نوٹیفکیشن فوری طور پر نافذ العمل ہو گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close