بھارت کو بڑا دھچکا، ویرات کوہلی سیریز سے باہر

بھارتی کرکٹ ٹیم کو افغانستان کے خلاف آئندہ ون ڈے سیریز سے قبل بڑا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسٹار بلے باز ویرات کوہلی ہیم اسٹرنگ انجری کے باعث اسکواڈ سے باہر ہو گئے ہیں۔
کوہلی کو یہ انجری آئی پی ایل 2026 کے فائنل کے دوران ہوئی جہاں وہ رائل چیلنجرز بینگلور کی نمائندگی کر رہے تھے۔

میچ کے دوران انہیں دوڑتے ہوئے تکلیف کا سامنا کرنا پڑا تاہم انہوں نے تکلیف کے باوجود اپنی اننگز مکمل کی۔

بھارت اور افغانستان کے درمیان پہلے ایک ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا جس کے بعد تین ون ڈے میچز کی سیریز شیڈول ہے۔

کوہلی کی عدم دستیابی نے بھارتی ٹیم مینجمنٹ کی پریشانیوں میں اضافہ کر دیا ہے جبکہ کپتان روہت شرما کی فٹنس بھی تاحال سوالیہ نشان بنی ہوئی ہے اور ان کی شمولیت میڈیکل کلیئرنس سے مشروط ہے۔

کوہلی کی انجری ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب وہ شاندار فارم میں تھے۔ انہوں نے آئی پی ایل 2026 میں 16 اننگز میں 675 رنز اسکور کیے جن میں ایک سنچری اور پانچ نصف سنچریز بھی شامل تھیں۔

فائنل میں ان کی ناقابل شکست 75 رنز کی اننگز نے بینگلور کو یادگار فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close