کشمور: تیز آندھی اور مٹی کے شدید طوفان نے کشمور اور اس کے گردونواح کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق دوسرے روز بھی شہر اور ملحقہ علاقوں میں تیز آندھی اور گرد آلود ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ روز آنے والے طوفان کے نتیجے میں متعدد بجلی کے کھمبے، سولر پلیٹس اور دکانوں کے شیڈ گر گئے تھے، جس سے مختلف علاقوں میں نقصان پہنچا۔
آندھی کے باعث گڈو شہر اور اس کے اطراف گزشتہ 30 گھنٹوں سے بجلی سے محروم ہیں۔ طویل بجلی بندش کے سبب شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ گرمی کے موسم میں صورتحال مزید پریشان کن ہو گئی ہے۔
شدید آندھی اور گردوغبار کے باعث مواصلاتی نظام بھی متاثر ہوا ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں آمدورفت اور کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔
متعلقہ ادارے بجلی کی بحالی اور دیگر متاثرہ تنصیبات کی مرمت کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، تاہم موسم کی خراب صورتحال کے باعث بحالی کے کام میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





