عازمین کو حج انتظامات سے متعلق مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری اور بھاری سامان ساتھ لے جانے سے گریز کریں اور صرف ضروری اشیاء پر توجہ دیں تاکہ سفر زیادہ آرام دہ اور پرسکون رہے۔
مقدس فریضہ حج کی ادائیگی ہر مسلمان کی زندگی کا ایک روحانی اور یادگار مرحلہ ہوتا ہے، عازمینِ اگر سفر سے پہلے مناسب منصوبہ بندی اور ضروری سامان کی درست تیاری کرلیں تو دورانِ حج انہیں کافی آسانی اور سکون حاصل ہوسکتا ہے۔
اس حوالے سے وزارتِ مذہبی امور نے عازمینِ حج کے لیے اہم ہدایات جاری کی ہیں، ان ہدایات میں مفت سعودی سمز کی فراہمی، سفر سے قبل بائیو میٹرک کی لازمی شرط، اور رہائش و ٹرانسپورٹ سے متعلق قواعد شامل ہیں تاکہ حجاج کرام کو کسی بھی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
حج پر روانہ ہونے والے پاکستانی عازمین کے لیے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے انہیں یاد دہانی کرائی گئی ہے کہ سفرِ حج کے دوران ضروری سامان اپنے ساتھ رکھنا نہ بھولیں تاکہ عبادات سکون اور آسانی سے ادا کی جاسکیں۔
جاری کردہ ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ نسک کارڈ، پاکستانی حج کارڈ، اور رِسٹ بینڈ ہر وقت اپنے پاس رکھنا انتہائی ضروری ہے کیونکہ یہ شناخت اور سفری سہولت کے لیے اہم دستاویزات ہیں۔
عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ شدید گرمی سے بچاؤ کے لیے چھتری، سن گلاسز اور پانی کی بوتل ساتھ رکھیں، جبکہ روزمرہ استعمال کی ضروری ادویات بھی اپنے بیگ میں شامل کریں۔
مزید کہا گیا ہے کہ آرام دہ قیام اور سفر کے لیے چٹائی، ایک عدد سوت (احرام/لباس)، موبائل چارجر اور پاور بینک بھی ساتھ رکھنا مفید ہوگا۔
حج انتظامیہ نے تاکید کی ہے کہ عازمین صرف ضروری سامان ساتھ رکھیں اور غیر ضروری اشیا سے اجتناب کریں تاکہ سفر میں آسانی رہے اور عبادات پوری توجہ اور سکون کے ساتھ ادا کی جا سکیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






