مظفرآباد( پی آئی ڈی) 17 مئی 2026
ڈائریکٹر جنرل اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سعید الرحمان قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آنے والا مون سون شدید ہو سکتا ہے، تاہم ایس ڈی ایم اے، ریسکیو 1122 اور تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر مستعد ہیں۔ حکومت کی ہدایات کی روشنی میں تیاریوں کا عمل جاری ہے اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے مشینری کو فیلڈ میں تعینات کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ندی نالوں کی صفائی کی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے اور وہ تمام نالہ جات جن میں طغیانی آنے کا خدشہ ہے اور جو آبادیوں کو متاثر کر سکتے ہیں، ان کی ڈی سلٹنگ کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔ ایسی تمام آبادیاں جو مون سون کے دوران متاثر ہو سکتی ہیں، ان کی نشاندہی مکمل کر لی گئی ہے اور ان کے لیے متبادل انتظامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا سکے۔
ڈائریکٹر جنرل نے مزید کہا کہ قدرتی آبی راستوں اور نالہ جات کے اندر یا ان کے قریب قائم آبادیوں کو باقاعدہ نوٹسز جاری کیے جا رہے ہیں اور انخلا کی کوششیں کی جا رہی ہیں تاکہ مون سون کے موسم میں کم از کم وہ محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔
انہوں نے بتایا کہ عوام الناس میں شعور و آگاہی پیدا کرنے اور بروقت اطلاعات کی فراہمی کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے بھی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔ اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے مون سون کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے جبکہ مجموعی منصوبہ بندی آخری مراحل میں ہے۔ اس ضمن میں درکار تمام ضروری وسائل کی بروقت فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ مون سون کے دوران انسانی جانوں، املاک اور دیگر اثاثہ جات کو محفوظ بنایا جا سکے اور کسی بھی قسم کے جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






