بھارتی جارحیت کے جواب میں کیے گئے آپریشن بنیان المرصوص کا ایک سال مکمل ہونے پر جی ایچ کیو میں خصوصی تقریب جاری ہے۔
جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ’معرکہ حق‘ کے عنوان سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک و قوم کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل عاصم منیر ہیں۔ انہوں نے یادگار شہدا پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ہمراہ دیگر سروسز چیفس نے بھی یادگار شہدا پر حاضری دی۔ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے یادگار شہدا پر پھول رکھے اور وطن کی دفاع کی خاطر دی گئی قربانیوں کو سراہا۔
تقریب میں عسکری حکام اور شہدا کے لواحقین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر شہدا کی عظیم قربانیوں کی یاد تازہ کی گئی اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ دفاع وطن کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
پاکستان بھر میں ‘معرکہ حق’ کی پہلی سالگرہ بھرپور قومی جذبے اور وقار کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر صدر مملکت، وزیراعظم اور مسلح افواج کی قیادت نے خصوصی پیغامات جاری کیے ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کا پیغام:
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان کا ردعمل نپا تلا، درست اور متناسب تھا اور ہمارا پیغام بالکل واضح تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال قبل پاکستان کو آزمائش میں ڈالا گیا لیکن قوم نے پلک جھپکائے بغیر اس کا سامنا کیا۔
صدر نے واضح کیا کہ گزشتہ سال اپریل اور مئی کے واقعات محض ایک فوجی قسط نہیں بلکہ قومی احتساب کا لمحہ تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب بھارت نے پہلگام ‘فالس فلیگ آپریشن’ کے بہانے ہماری سرزمین پر بلا اشتعال حملے کیے تو پاکستان نے نظم و ضبط، ہمت اور اتحاد کے ساتھ جواب دیا۔ ‘آپریشن بنیان المرصوص’ نے ثابت کر دیا کہ جب قوم مسلح افواج کے پیچھے کھڑی ہو تو وہ کیا صلاحیتیں رکھتی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا پیغام:
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ معرکہ حق اللہ تعالیٰ کی نعمتوں پر شکر بجا لانے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم دشمن کو دی جانے والی عبرتناک شکست اور پاکستان کے بہادرانہ موقف کی یاد تازہ کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے شہدا، ان کے اہل خانہ اور غازیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ زمین، سمندر، فضا اور سائبر کے شعبوں میں ہماری افواج کے مربوط جواب نے پاکستان کو ایک ناقابلِ تسخیر ملک ثابت کر دیا ہے۔ معرکہ حق گواہ ہے کہ پاکستانی ایک امن پسند لیکن غیرت مند قوم ہیں جسے کوئی دبایا نہیں جا سکتا۔
مسلح افواج اور آئی ایس پی آر کا بیان:
پاک فوج کے سربراہ اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اس موقع پر پوری قوم اور مسلح افواج کے تمام رینکوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، یہ دن شجاعت، پیشہ ورانہ مہارت اور اتحاد کی علامت ہے۔ مسلح افواج قوم کے ساتھ اپنے اٹوٹ رشتے کی تجدید کرتی ہیں۔ ملک بھر میں فتح کا جشن منانے اور شہدا کی قربانیوں کو یاد کرنے کے لیے خصوصی تقاریب منعقد کی جا رہی ہیں۔
جہاں یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں اور فاتحہ خوانی کی گئی۔ آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ معرکہ حق نے دشمن کی سازشوں، فالس فلیگ بیانیے اور ڈس انفارمیشن مہم کو بے نقاب کر دیا ہے، جس سے عالمی سطح پر ان کی ساکھ کو نقصان پہنچا اور پاکستان کی عسکری برتری ثابت ہوئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






