پنجاب میں میرج سرٹیفکیٹ کے حصول کے لیے نئی سہولت متعارف کروادی گئی ہے۔
پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) کے تحت 15 ای خدمت مراکز پر میرج سرٹیفکیٹ کے حصول کی سہولت فراہم کردی گئی ہے۔
شہری اپنی شادی کی رجسٹریشن بغیر کسی پیچیدہ مرحلے یا اضافی دشواری کے نہایت آسان، تیز اور محفوظ طریقے سے کرواسکتے ہیں۔
میرج سرٹیفکیٹ بنوانے کے لیے دفاتر صبح 9 بجے تا شام 5 بجے تک کھلیں رہیں گے۔
شہری رابطے کے لیے ویب سائٹ https://ekhidmat.punjab.gov.pk/ پر رجوع کرسکتے ہیں جبکہ مزید معلومات کے لیے ہیلپ لائن 1317 پر بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔
اس سے قبل نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے یونین کونسل سے میرج سرٹیفکیٹ بنوانے کا طریقہ بتایا تھا۔
ہر شادی شدہ جوڑے کو اپنی شادی یونین کونسل میں رجسٹر کروانا لازمی ہے۔ اس تحریر میں ہم یونین کونسل میں شادی کی رجسٹریشن کے طریقہ کار کے بارے میں جانتے ہیں۔
میرج سرٹیفکیٹ یا نکاح نامے کیلیے درکار دستاویزات:
- نکاح نامہ
- دولہا اور دلہن کے شناختی کارڈ کی کاپی
- شادی شدہ جوڑے کے والدین کے شناختی کارڈ کی کاپی
- نکاح کے گواہوں کے شناختی کارڈ کی کاپی
دولہا یا دلہن میں سے کوئی بھی ایک شادی کی رجسٹریشن اور نادرا کا نکاح نامہ حاصل کرنے کیلیے یونین کونسل جا سکتا ہے جہاں عملہ دستاویزات کی تصدیق کرے گا۔
اگر مطلوبہ دستاویزات درست ہیں تو عملہ اپنے سسٹم میں نکاح نامے کا اندراج کرے گا، اس کے بعد عملہ درخواست گزار کو پروف ریڈنگ کیلیے پرنٹ آؤٹ فراہم کرے گا، اگر تمام تفصیلات ترتیب میں ہیں تو درخواست دہندہ پروف ریڈنگ پرنٹ آؤٹ پر دستخط کر کے عملے کو واپس کر دے گا۔
یونین کونسل کا عملہ اس کے بعد میرج سرٹیفکیٹ جاری کرے گا، یہ سہولت فی الحال نادرا پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے نامزد چکوال، ننکانہ صاحب، کوئٹہ اور کراچی شرقی میں دستیاب ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






