ابتدائی ووٹر فہرستوں میں خامیاں، فوری درستگی کا حکم

مظفرآباد (پی آئی ڈی) 2 مئی 2026
چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل کی زیر صدارت ابتدائی انتخابی فہرستوں کی اشاعت کے بعد سامنے آنے والے امور اور ممکنہ خامیوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبر الیکشن کمیشن سید نظیر الحسن گیلانی، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو سردار محمد ظفر، سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ محمد شکیل خان، تینوں ڈویژن کے کمشنرز، تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور الیکشن کمیشن کے افسران نے شرکت کی۔سیکرٹری الیکشن کمیشن نے اجلاس میں ابتدائی انتخابی فہرستوں میں پائی جانے والی غلطیوں، فہرست میں ووٹرز کے مسنگ ہونے سے متعلق شکایات اور دیگر امور پر شرکاء کو بریفنگ دی۔چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے ہدایت جاری کی کہ انتخابی فہرستوں میں رہ جانے والی کمیوں اور غلطیوں کو فوری طور پر دور کیا جائے تاکہ اہل ووٹرز کے نام درست انتخابی فہرستوں میں شامل کیے جا سکیں۔ ممبر الیکشن کمیشن نے بھی انتخابی فہرستوں کی درستی، شفافیت اور بروقت نقائص کے ازالے کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس کے دوران کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اضلاع میں انتخابی فہرستوں میں پائی جانے والی غلطیوں اور ان کی درستگی کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 2022 کے بلدیاتی انتخابات کی انتخابی فہرستوں کو بنیاد بنا کر نئے ووٹرز کا اندراج اور اخراج کیا جائے گا، اور کسی بھی ووٹر کا نام متعلقہ وارڈ سے باہر درج نہیں ہوگا۔ابتدائی ووٹر فہرستوں میں پائی جانے والی غلطیوں کو ہنگامی بنیادوں پر درست کیا جائے گا۔ تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز پر نادرا کے ساتھ مل کر انتخابی فہرستوں کی تصحیح کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن انتظامیہ کو تمام ڈیٹا فراہم کرے گا، جبکہ ہر ضلع میں الیکشن کمیشن کے افسران انتخابی فہرستوں میں پائی جانے والی خامیوں کو دور کرنے کے لیے انتظامیہ کی معاونت کریں گے۔اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ عوام کو نظرثانی کے عمل اور اعتراضات کے حوالے سے مکمل آگاہی فراہم کی جائے تاکہ شہری مقررہ مدت کے اندر اپنی معلومات کی درستگی یقینی بنا سکیں۔چیف الیکشن کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شفاف انتخابات کا انعقاد درست اور مستند ووٹر فہرستوں سے وابستہ ہیں۔ ابتدائی انتخابی فہرستیں عبوری نوعیت کی ہیں، حتمی نہیں، اور ان میں موجود خامیوں کو انتظامیہ کے تعاون سے مقررہ وقت کے اندر دور کر دیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ صاف و شفاف انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کے افسران اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ انتخابی عمل کی شفافیت، غیرجانبداری اور عوامی سہولت کو ہر صورت مقدم رکھا جائے اور اس سلسلے میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close