اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خطے میں امن کے قیام کیلئے پاکستان نے بھرپور سفارتی کوششیں کی ہیں،ان کوششوں کے نتیجے میں سیزفائر ہوا جوتاحال برقرارہے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیف آف آرمی سٹاف سید عاصم منیر اور ان کی ٹیم نے خلوص نیت سے کردار ادا کیا، محسن نقوی کی کوششیں بھی قابلِ ستائش ہیں،تیل کی قیمتوں میں اضافے سے معاشی دبا ئوبڑھا ہے، جمعے کو قیمتوں کا دوبارہ تعین کریں گے ۔بدھ کو وفاقی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ حالیہ ہفتوں میں پیش آنے والے اہم واقعات پر کابینہ کو اعتماد میں لیا گیا اور پاکستان نے خطے میں امن کے قیام کے لیے بھرپور سفارتی کوششیں کی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ 11 اپریل کو ایران اور امریکا کے درمیان اسلام آباد میں مذاکراتی عمل کا آغاز ہوا، جس کے دوران فریقین کے درمیان 21 گھنٹے طویل نشست ہوئی، ان کوششوں کے نتیجے میں سیزفائر ممکن ہوا اور اس میں توسیع بھی کی گئی جو تاحال برقرار ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیف آف آرمی سٹاف سید عاصم منیر اور ان کی ٹیم نے خلوص نیت سے کردار ادا کیا، جبکہ محسن نقوی کی کوششیں بھی قابلِ ستائش ہیں، ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کا دورہ کیا، جہاں تفصیلی مذاکرات ہوئے، بعد ازاں وہ عمان اور روس بھی گئے۔وزیراعظم کے مطابق اس صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں پاکستان کا ایک ہفتے کا درآمدی بل 30 کروڑ ڈالر سے بڑھ کر 80 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا، بڑھتی ہوئی قیمتوں نے معاشی استحکام کی کوششوں پر اثر ڈالا ہے، تاہم حکومت نے اجتماعی کاوشوں کے ذریعے صورتحال سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، جمعے کو قیمتوں کا دوبارہ تعین کریں گے، یہ بہت چیلنجنگ صورتحال ہے ۔انہوں نے علی پرویز ملک کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر ٹاسک فورس صورتحال کی نگرانی کر رہی ہے، جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں میں سبسڈی برقرار رکھنے کے لیے صوبوں سے مشاورت جاری ہے۔وزیراعظم نے مزید بتایا کہ پاکستان نے حالیہ عرصے میں ساڑھے 3 ارب ڈالر کے بیرونی قرضے واپس کیے ہیں اور سعودی عرب کی قیادت کے تعاون پر شکریہ ادا کیا، مسائل کے حل کے لیے دن رات محنت کرنا ہوگی اور قوم کو ہمت، محنت اور یکسوئی کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ خطے میں کشیدگی جلد ختم ہوگی اور پائیدار امن قائم ہوگا، جبکہ پاکستان کی امن کے لیے کوششیں مسلسل جاری رہیں گی۔قبل ازیں وفاقی کابینہ اجلاس میں ملک کی مجموعی معاشی اور سیاسی صورتِ حال کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی نجکاری سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ جبکہ مشرقِ وسطی تنازع کے خاتمے کے لیے پاکستان کی جاری سفارتی کوششوں پر بھی غور کیا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






