بارشیں کب تک جاری رہیں گی؟ محکمہ موسمیات کی نئی پیشنگوئی

ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ 9 اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے دوران مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔

ملک کے مختلف حصوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ موسمیات نے بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کررکھی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں آج دن بھر وقفے وقفے سے بارش جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے، مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم اور سرگودھا میں بارش کا امکان ہے۔ میانوالی، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور خوشاب میں بھی بارش متوقع ہے، گجرات، گوجرانوالہ اور حافظ آباد میں وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ سیالکوٹ، نارووال، لاہور، پاکپتن، اوکاڑہ اور قصور میں بھی بارش کا امکان ہے، ساہیوال، ڈی جی خان، راجن پور، کوٹ ادو اور بہاولپور میں بارش متوقع ہے جبکہ بہاولنگر، رحیم یار خان، بھکر، لیہ، ملتان اور مظفرگڑھ میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

مغربی ہواؤں کا سسٹم سندھ میں داخل ہوگیا، کراچی میں گڈاپ اور سپر ہائی وے پر تیز بارش متوقع ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ کراچی میں اربن فلڈنگ کا خدشہ نہیں، کشمور، جیکب آباد، لاڑکانہ اور سکھر میں موسلادھار بارش ہوگی، سندھ میں سیلابی صورتحال کا امکان نہیں۔

پشاور سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، گرج چمک کے ساتھ تیز بارش سے موسم سرد ہوگیا، شدید بارش کے باعث پیسکو کے درجنوں فیڈرز ٹرپ کرگئے، محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیشگوئی کردی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close