خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں کے بعد گلیشیائی جھیلوں سے خطرے پر ہائی الرٹ جاری

خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں کے باعث گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ گئے ہیں، جس پر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے چترال اپر، چترال لوئر، دیر اپر، سوات اور کوہستان اپر کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی اقدامات، پیشگی تیاری اور حساس مقامات کی مسلسل نگرانی کی ہدایات دی گئی ہیں۔ فوری وارننگ سسٹم فعال رکھنے اور خطرے والے علاقوں میں انخلاء کی مشقیں کروانے پر زور دیا گیا ہے۔ محفوظ مقامات پر انخلاء مراکز کو مکمل سہولیات کے ساتھ فعال رکھنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔

نشیبی علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو الرٹ رہنے، دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے اور تیز بہاؤ والے پانی میں گاڑیاں چلانے سے اجتناب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ریسکیو اور ایمرجنسی سروسز کے عملے کو ہر وقت تیار رہنے اور ضروری مشینری و آلات پہلے سے تعینات کرنے کا کہا گیا ہے۔

سیاحوں اور مسافروں کو حساس علاقوں کی جانب غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ سڑکوں کی بندش یا نقصان کی صورت میں این ایچ اے، ایف ڈبلیو او اور سی اینڈ ڈبلیو سے فوری رابطے کی ہدایت کی گئی ہے۔ شدید خطرے کی صورت میں گلیشیائی جھیلوں کے کنٹرولڈ اخراج پر بھی نظر رکھنے کی تاکید کی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close