ملک میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خدشہ، کئی اضلاع کو الرٹ جاری

خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، جس کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے متعلقہ پانچ حساس اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال اپر، چترال لوئر، دیر اپر، سوات اور کوہستان اپر میں موسمی صورتحال کے باعث گلیشیئرز کے پگھلنے کا امکان ہے۔ شدید بارشوں کے نتیجے میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ جیسے خطرناک واقعات پیش آنے کا خدشہ ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی اقدامات اور پیشگی تیاریوں کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کو حساس گلیشیائی مقامات کی مسلسل نگرانی کرنے اور فوری وارننگ سسٹم فعال رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

اسی طرح متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو خطرے سے دوچار علاقوں میں انخلاء کی مشقیں کروانے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ محفوظ مقامات پر انخلاء مراکز کو مکمل طور پر فعال اور سہولیات سے لیس رکھنے کی تاکید بھی کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد کو فوری طور پر الرٹ رہنے اور مقامی آبادی کو ممکنہ خطرات سے پیشگی آگاہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ریسکیو اور ایمرجنسی سروسز کے عملے کو ہر وقت تیار رہنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔

ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری مشینری اور آلات پہلے سے تعینات کرنے جبکہ عوام کو ندی نالوں اور دریاؤں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تیز بہاؤ والے پانی میں گاڑیوں کے بہہ جانے کے خطرے سے متعلق عوام کو بھی خبردار کیا گیا ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق نشیبی علاقوں میں رہنے والوں کو اضافی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تاکید کی گئی ہے، جبکہ سیاحوں اور مسافروں کو حساس علاقوں کی جانب غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔

سڑکوں کی بندش یا نقصان کی صورت میں این ایچ اے، ایف ڈبلیو او اور سی اینڈ ڈبلیو سے فوری رابطہ کرنے اور شدید خطرے کی صورت میں گلیشیائی جھیلوں کے کنٹرولڈ اخراج پر بھی نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close