25 ارب کی منی لانڈرنگ، معروف اینکر کے حیران کن انکشافات

نامور اینکر جنید سلیم نے اداکار حمزہ علی عباسی کی بہن ڈاکٹر فضیلہ عباسی کے منی لانڈرنگ کیس میں حیران کن انکشافات کیے ہیں۔

اداکار حمزہ علی عباسی کی بہن ڈاکٹر فضیلہ عباسی ایک معروف ڈرماٹولوجسٹ اور ایستھیٹیشن ہیں، جو اپنے شعبے میں نمایاں مقام رکھتی ہیں اور اکثر ٹی وی شوز میں خوبصورتی اور جمالیات کے موضوعات پر گفتگو کرتی نظر آتی ہیں۔ تاہم، اس وقت وہ مبینہ منی لانڈرنگ کے دو مختلف کیسز میں تحقیقات کی زد میں ہیں، اور اسلام آباد کی سیشن عدالت نے ان کی عبوری ضمانت بھی منسوخ کر دی ہے۔

ڈاکٹر فضیلہ عباسی کے خلاف ایف آئی اے دو مقدمات میں تحقیقات کر رہی ہے، جن میں ان کے بینک اکاؤنٹس میں غیر معمولی ٹرانزیکشنز سامنے آئی ہیں۔ اینکر جنید سلیم نے اپنے وی لاگ میں ان مالی معاملات سے متعلق اہم تفصیلات بھی شیئر کی ہیں۔

جنید سلیم کے مطابق ڈاکٹر فضیلہ عباسی کے 22 بینک اکاؤنٹس کے ذریعے تقریباً 25 ارب روپے کی ٹرانزیکشنز کی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ڈاکٹر فضیلہ عباسی نے اپنے اکاؤنٹس سے بڑے پیمانے پر رقوم منتقل کیں، جن میں سے ایک اکاؤنٹ وہ اپنے بھائی اور والدہ کے ساتھ مشترکہ طور پر استعمال کرتی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں واقع ان کا کلینک رجسٹرڈ نہیں ہے، اور انہوں نے اپنے ڈرائیورز اور دیگر ملازمین کے نام پر چیکس کے ذریعے ادائیگیاں بھی کیں۔ حیران کن بات یہ ہے کہ انہوں نے اپنی سالانہ آمدن صرف 4 سے 6 لاکھ روپے ظاہر کی، جبکہ 25 ارب روپے کی ٹرانزیکشنز کی وضاحت ابھی تک فراہم نہیں کی جا سکی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close