پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کو اڈیالہ جیل سے فوری طور پر اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
پی ٹی آئی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل میں بشریٰ بی بی کی بینائی متاثر ہو رہی ہے اور جیل انتظامیہ ان کو مناسب طبی سہولتیں فراہم نہیں کر رہی۔ ترجمان نے مزید کہا کہ میڈیکل رپورٹس پر سنگین شبہات ہیں، اس لیے فوری اسپتال میں علاج فراہم کیا جانا چاہیے اور رپورٹس قوم کے سامنے لائی جائیں۔
میڈیکل رپورٹ کے مطابق بشریٰ بی بی کی دائیں آنکھ میں پوسٹیرئیر ویٹریئس ڈیٹچمنٹ کی تشخیص ہوئی ہے۔ ان کی آنکھ میں دھندلاہٹ اور سیاہ دھبے نمایاں ہیں جبکہ آنکھ میں فلیشز اور سر میں درد کی شکایت بھی موجود ہے۔ رپورٹ میں مایوپیا اور اسٹیگمیٹزم کی نشاندہی بھی کی گئی ہے، جس کے باعث مریض کی قریب کی نظر متاثر ہے۔
ڈاکٹروں نے انہیں عینک کے باقاعدہ استعمال، آئی ڈراپس اور دیگر ادویات تجویز کی ہیں اور چار ہفتوں بعد دوبارہ طبی معائنہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
پی ٹی آئی نے خبردار کیا ہے کہ اگر بروقت علاج نہ کیا گیا تو خاتون قیدی کی صحت پر مزید خطرات پیدا ہو سکتے ہیں اور اس کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






