رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری! سمندر پار پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری آگئی

سمندر پار پاکستانیوں کے لیے ریئل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کو محفوظ اور ٹیکس فری بنانے کے لیے وفاقی حکومت نے ایک خصوصی اور پرکشش پیکج تیار کر لیا ہے، جس کا مقصد ملک میں ڈالرز کی آمد بڑھانا اور تعمیراتی شعبے کو فروغ دینا ہے۔

وزارتِ خزانہ کے ذرائع کے مطابق اس پیکج کے تحت اوورسیز پاکستانیوں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کے لیے غیر معمولی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ تجویز دی گئی ہے کہ اس سرمایہ کاری کو نہ صرف مکمل طور پر محفوظ بنایا جائے بلکہ اسے ٹیکس فری بھی قرار دیا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ریلیف پیکج کا مسودہ منظوری کے لیے International Monetary Fund کو بھجوا دیا گیا ہے، اور اس کی حتمی منظوری کے بعد آئندہ ماہ اس کے باقاعدہ نفاذ کا امکان ہے۔

سرمایہ کاروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے حکومت ‘ایسکرو اکاؤنٹ’ سسٹم متعارف کرانے جا رہی ہے، جس کے تحت سرمایہ کاروں کی رقم اس وقت تک محفوظ رکھی جائے گی جب تک پراپرٹی کا لین دین تمام قانونی تقاضے پورے نہیں کر لیتا۔

مزید برآں، پیکج میں رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹس کے قیام کی تجویز بھی شامل ہے تاکہ سرمایہ کاری کے مزید منظم اور شفاف مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

حکومت خلیجی ممالک کی بدلتی معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی انویسٹمنٹ زونز قائم کرنے کا بھی ارادہ رکھتی ہے، جہاں سمندر پار پاکستانیوں کو تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے آسان اور سہل طریقہ کار مہیا کیا جائے گا۔

پیکج کی ایک اہم شرط یہ ہے کہ اس کے تمام فوائد صرف فائلرز تک محدود ہوں گے، جبکہ نان فائلرز کے لیے کسی قسم کی رعایت شامل نہیں کی گئی۔ اس اقدام کا مقصد ٹیکس نیٹ کو وسعت دینا اور قانونی ذرائع سے سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close