اسپتال میں آپریشن کے دوران ویڈیو بنانے کا معاملہ، ایم ایس سمیت 8 ڈاکٹرز معطل

لاہور کے Lady Willingdon Hospital میں خواتین کے سی سیکشن کے دوران ویڈیوز بنانے کے واقعے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

اس سنگین غفلت پر سخت کارروائی کرتے ہوئے ایم ایس، ایچ او ڈی سمیت 8 ڈاکٹرز، 2 نرسز اور ایک ملازم کو معطل کر دیا گیا ہے، جس کے بعد معطل کیے گئے عملے کی مجموعی تعداد 11 ہو گئی ہے۔ محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ نے ان تمام افراد کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت باقاعدہ کارروائی بھی شروع کر دی ہے۔

معطل ہونے والوں میں ایم ایس ڈاکٹر فرح انعام اور ایچ او ڈی پروفیسر عظمیٰ حسین بھی شامل ہیں، جبکہ 5 پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز کو بھی معطل کر کے ہیڈکوارٹر رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ آپریشن تھیٹر میں موجود 2 نرسز اور ایک ملازم کو بھی معطل کر دیا گیا ہے۔

سیکریٹری صحت پنجاب عظمت محمود کے مطابق آپریشن تھیٹر میں غیر متعلقہ افراد کی موجودگی پر سخت ایکشن لیا گیا ہے اور اس طرح کی غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل یہ انکشاف سامنے آیا تھا کہ بعض ڈاکٹرز نے آپریشن کے دوران مقابلے کی فضا بنا لی تھی کہ کون پہلے سرجری مکمل کرتا ہے، جس سے حاملہ خواتین کی زندگیاں شدید خطرے میں پڑ گئیں۔ یہ واقعہ طبی اخلاقیات اور مریضوں کی حفاظت کے حوالے سے سنگین سوالات کو جنم دے رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close