آئندہ چوبیس گھنٹوں میں کہاں کہاں بارش ہوگی؟ این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی متوقع ہے۔

محکمہ کے مطابق گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں برفباری ہوسکتی ہے، جبکہ بلوچستان، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں طوفانی بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور دیگر شہروں میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ادارے نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہوائیں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری کمزور عمارتوں، درختوں اور بجلی کی تنصیبات کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، جبکہ سڑکیں پھسلن کا شکار ہونے سے ٹریفک متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

پہاڑی علاقوں میں برفباری اور مسلسل بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بھی بڑھ سکتے ہیں، اس لیے شہریوں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے 25 سے 29 مارچ کے دوران ممکنہ خراب موسم کے پیش نظر ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

اتھارٹی نے ہدایت دی ہے کہ طیاروں کو محفوظ بنایا جائے، رن وے اور نکاسی آب کے نظام کو فعال رکھا جائے، جبکہ آپریشنل عملہ، ریسکیو اور فائر فائٹنگ ٹیمیں ہر وقت تیار رہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close