محکمہ موسمیات پاکستان نے آج سے 30 مارچ تک ملک بھر میں طوفانی ہواؤں، موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ بلوچستان کے جنوب مغربی علاقوں میں داخل ہو چکا ہے، جو 27 مارچ کو شدت اختیار کرے گا اور 30 مارچ تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
اس سسٹم کے زیر اثر پنجاب، اسلام آباد، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور کئی مقامات پر ژالہ باری ہو سکتی ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق تیز ہواؤں سے کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے، جبکہ موسلا دھار بارش اور ژالہ باری سے کھڑی فصلوں کو بھی خطرہ لاحق ہے۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے ندی نالوں میں طغیانی آسکتی ہے، جبکہ گلگت بلتستان اور کشمیر کے حساس علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ موجود ہے۔
شہریوں، خصوصاً سیاحوں اور مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں



