ایران جنگ کے تناظر , پی ایس ایل 11 سے متعلق بڑے فیصلوں کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے ایران جنگ کے تناظر میں پی ایس ایل 11 سے متعلق بڑے فیصلوں کا اعلان کر دیا۔

اے آر وائی نیوز پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے ایران جنگ اور مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں 26 مارچ سے شروع ہونے والی پاکستان سپر لیگ کے 11 ویں سیزن سے متعلق اہم فیصلوں کا اعلان کر دیا ہے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ ایران جنگ اور خطے میں کشیدگی کے تناظر میں پی ایس ایل سے متعلق کئی دنوں سے مشاورت جاری تھی، جس میں لیگ کو طے شدہ شیڈول کے مطابق شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا، تاہم اس سے متعلق دیگر کئی اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل ہمارا انٹرنیشنل برانڈ ہیں اور اس کے گیارھویں ایڈیشن کا آغاز 26 مارچ سے ہی ہوگا۔ تاہم توانائی بحران کے پیش نظر وزیراعظم کے اعلان کردہ کفایت شعاری اقدامات تحت کئی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کفایت شعاری اقدامات کے تحت اس بار پی ایس ایل کو شائقین کے بغیر کرا رہے ہیں۔ شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت نہیں ہوگی جب کہ پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ پی ایس ایل کو اب صرف دو وینیو تک محدود کر دیا گیا ہے اور میچز aاب صرف دو شہروں کراچی اور لاہور میں ہوں گے۔ حالات کی وجہ سے پشاور میں پی ایس ایل کے میچ نہیں ہوں گے۔ تاہم اگلے سال پشاور میں ایک سے زیادہ میچز رکھے جائیں گے۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ ہمیں نہیں معلوم کہ ایران جنگ کب تک چلتی ہے، تاہم دعا ہے کہ خطے کے حالات جلد معمول پر آ جائیں۔

انہوں نے بتایا کہ پی ایس ایل کے ٹکٹ خریدنے والے شائقین کو ان کے پیسے واپس کیے جائیں گے۔ اگر پی ایس ایل کے دوران حالات نارمل ہو گئے تو کراؤڈ کو گراؤنڈ میں آنے کی اجازت ہوگی۔

محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے وسائل کو آمدورفت محدود کر کے بچانا ہے۔ نیا شیڈول دیں گے جس میں ٹیموں کی کم سے کم موومنٹ ہوگی۔ فرنچائزز کو نقصان سے بچانے کیلیے انہیں گیٹ منی پی سی بی دے گا۔

چیئرمین پی سی بی نے یہ بھی کہا کہ جو غیرملکی کھلاڑی پہلے ہی لیگ سے باہر ہو گئے، ان کیخلاف ایکشن لیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close