عید کے دنوں میں موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر کے مختلف علاقوں میں 25 مارچ تک گرج چمک، تیز ہواؤں اور بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے، جس کے بعد متعلقہ اداروں کو چوکنا رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے کئی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، جبکہ بلوچستان میں آج سے 23 مارچ تک آندھی، تیز ہواؤں اور بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ اسی طرح سندھ کے بڑے شہروں کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد اور دادو میں بھی چند مقامات پر بارش متوقع ہے، جس کے پیش نظر صوبائی اور ضلعی اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج رات سے مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل ہوگا، جو مختلف علاقوں میں بارش کا باعث بنے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 18 سے 20 مارچ کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ہے، جبکہ کچھ علاقوں میں ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے، جو فصلوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔ پنجاب کے بیشتر علاقوں میں دن کے اوقات میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم شام اور رات کے وقت راولپنڈی، اٹک، چکوال، سرگودھا اور میانوالی میں مطلع جزوی ابر آلود رہ سکتا ہے اور کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ لاہور میں آئندہ دو روز تک وقفے وقفے سے بارش ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس سے موسم خوشگوار ہو جائے گا، جبکہ بارش کے بعد عید کے دنوں میں درجہ حرارت میں بھی کمی متوقع ہے۔

ادھر کراچی کے موسم کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ کراچی میں آج کم سے کم درجہ حرارت 23.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ہوا میں نمی کا تناسب 79 فیصد ہے جبکہ جنوب مغرب سے 4 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close