ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی بڑھنے سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں برینٹ کروڈ کی قیمت تقریباً 10 فیصد بڑھ کر 82 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی تھی، تاہم بعد میں کچھ کمی آنے کے بعد یہ سطح 79 ڈالر فی بیرل کے قریب آ گئی۔
تیل کی قیمتوں میں مزید اضافے کو روکنے کے لیے اوپیک نے روزانہ تقریباً 2 لاکھ 6 ہزار بیرل اضافی پیداوار بڑھانے کا اعلان کیا ہے، لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ طویل جنگی صورتحال برقرار رہنے کی صورت میں خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل سے بھی اوپر جا سکتی ہے۔
دوسری جانب آبنائے ہرمز سے جہازوں کی آمد و رفت عارضی طور پر بند کر دی گئی ہے، جہاں سے دنیا کے تقریباً 20 فیصد تیل اور گیس کی ترسیل ہوتی ہے۔ برطانوی میری ٹائم تجارتی آپریشنز مرکز کے مطابق آبنائے ہرمز کے قریب کم از کم تین جہازوں پر حملوں کی اطلاعات ہیں جبکہ خلیجی پانیوں میں 150 سے زائد ٹینکرز لنگر انداز ہو کر صورتحال معمول پر آنے کے منتظر ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






