ایران کا آبنائے ہرمز بند کرنے کا اعلان، امریکا کو سخت ردعمل کی دھمکی
ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے آبنائے ہرمز کو آئندہ اطلاع تک بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق یہ فیصلہ ایک بحری جہاز کی جانب سے مبینہ طور پر غیر منظور شدہ راستے سے گزرنے کی کوشش کے بعد کیا گیا۔
پاسدارانِ انقلاب کے بیان میں کہا گیا ہے کہ جہاز کو روکنے کے لیے انتباہی فائرنگ کی گئی، جبکہ آئندہ کسی بھی بحری جہاز کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ایرانی حکام نے خبردار کیا ہے کہ اگر اس معاملے کو بنیاد بنا کر کوئی دشمنانہ کارروائی کی گئی تو اس کا سخت جواب دیا جائے گا۔ پاسدارانِ انقلاب نے مزید کہا کہ امریکی اقدامات کا بھرپور جواب دیا جائے گا اور خطے میں موجود نئے فوجی اڈوں کو بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
ایران کا امریکا کو مفاہمتی یادداشت پر عمل سے دستبرداری کا انتباہ
دوسری جانب اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر امیر سعید ایروانی نے کہا ہے کہ اگر امریکا نے طے شدہ معاہدے کے تحت اپنے وعدے پورے نہ کیے تو ایران بھی مفاہمتی یادداشت پر عمل جاری رکھنے کا پابند نہیں رہے گا۔
سلامتی کونسل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی مندوب نے 7 اور 8 جولائی کو ایرانی جزائر اور جنوبی علاقوں پر امریکی حملوں کو اقوام متحدہ کے چارٹر اور باہمی مفاہمت کی خلاف ورزی قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر امریکا کی جانب سے خلاف ورزیاں جاری رہیں تو ایران بھی اپنی ذمہ داریوں پر نظرثانی کر سکتا ہے۔
مجتبیٰ خامنہ ای کا والد کے قتل کا بدلہ لینے کا اعلان
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے والد اور سابق رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کے قتل کا بدلہ لینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مجتبیٰ خامنہ ای نے ٹیلیگرام پیغام میں کہا کہ ان کے والد کے خون کا بدلہ لینا قوم کا مطالبہ ہے اور یہ ضرور لیا جائے گا۔
یہ بیان مشہد میں آیت اللہ علی خامنہ ای کی تدفین کے بعد سامنے آیا، جہاں بڑی تعداد میں افراد نے شرکت کی۔ ایرانی حکام کے مطابق آیت اللہ علی خامنہ ای امریکی اور اسرائیلی فضائی حملوں میں ہلاک ہوئے تھے۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے سوشل میڈیا پر جاری پیغامات میں ایران اور عراق سمیت مختلف شہروں سے آنے والے افراد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کے والد کے قتل کے ذمہ دار افراد اپنے انجام سے نہیں بچ سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے والد کے قاتلوں کی شناخت موجود ہے اور انہیں اپنے اقدامات کا جواب دینا ہوگا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






