وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نوجوانوں کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے ایگریکلچر انٹرنز کا ماہانہ وظیفہ 70 ہزار روپے کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں نوجوانوں کو زراعت سے جوڑنے کا فیصلہ کرتے ہوئے “ایگریکلچر انٹرنز: اپنا کھیت، اپنا روزگار” پروگرام کی منظوری دے دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے ذہین نوجوان اب پورے اعتماد کے ساتھ زرعی انقلاب کی قیادت کریں گے۔
اجلاس میں پنجاب میں پہلی بار روف ٹاپ ہائیڈروپونک پروجیکٹ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا، جس کے تحت 2 مرلہ چھت پر 280 سے 350 پودے لگائے جا سکیں گے۔ پولی تھین شیٹ اور مخصوص ڈھانچہ بنا کر چھت پر 10 سے زائد قسم کی سبزیاں اگائی جا سکیں گی۔ اس سلسلے میں لاہور میں اسکیم کے 10 پائلٹ پروجیکٹ شروع کیے جائیں گے اور ہاؤسنگ سوسائیٹیز سے رابطوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
زراعت کو ماحول دوست بنانے کے لیے صوبے بھر میں 10 ہزار ڈیزل ٹیوب ویلوں کی سولرائزیشن اسکیم کی بھی منظوری دی گئی۔ پنجاب ایگریکلچر میکانیزیشن پروجیکٹ کے تحت 2028 تک 28 ہزار سپر سیڈرز دینے کا ہدف مقرر کیا گیا۔
اجلاس میں سی ایم گرین ٹریکٹر پروگرام کے چوتھے مرحلے کی منظوری دی گئی، جس کے تحت ہائی ہارس پاور ٹریکٹر پر 15 لاکھ روپے سبسڈی دی جائے گی جبکہ کم ہارس پاور ٹریکٹر پر سبسڈی 5 لاکھ سے 7 لاکھ روپے کر دی گئی۔
اس کے علاوہ پنجاب میں پہلی بار آن فارم رین واٹر ہارویسٹنگ کے لیے گراؤنڈ ریچارج ویل (کنواں) بنانے کا منصوبہ متعارف کرایا جائے گا، جس کے ذریعے بارش کا پانی کنویں میں ڈالنے کا نظام نصب کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






