بھارت میں تکنیکی خرابی کے باعث ایک ہیلی کاپٹر سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا تاہم بروقت ریسکیو آپریشن کے نتیجے میں تمام سات افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا۔
بھارت کے انڈمان و نکوبار جزائر میں واقع علاقے کے قریب ہیلی کاپٹر کو فنی خرابی کے باعث حادثہ پیش آیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق صبح تقریباً 9 بج کر 30 منٹ پر تکنیکی خرابی پیدا ہوئی جس کے بعد پائلٹ کو سمندر میں کنٹرولڈ کریش لینڈنگ کرنا پڑی۔
حکام کے مطابق پاوان ہنس (Pawan Hans) کے زیر انتظام ہیلی کاپٹر نے صبح تقریباً 8 بج کر 45 منٹ پر سری وجیا پورم سے مایابندر کے لیے پرواز بھری تھی۔ دوران پرواز تقریباً 9 بج کر 30 منٹ پر فنی خرابی سامنے آئی جس کے باعث پائلٹ نے مایابندر کے قریب سمندر میں محفوظ انداز میں لینڈنگ کی کوشش کی۔
ہیلی کاپٹر میں دو عملے کے ارکان اور پانچ مسافر سوار تھے جن میں ایک بچہ بھی شامل تھا۔ ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام افراد کو سمندر سے نکال کر قریبی اسپتال منتقل کر دیا جہاں بتایا گیا کہ کسی بھی شخص کو شدید چوٹ نہیں آئی۔
سینئر سول ایوی ایشن حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ حادثہ ممکنہ طور پر تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا، اور واقعے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






