لاہور (پی این آئی) حکومت نے رمضان المبارک سے قبل ایل پی جی مزید مہنگی کر دی، اوگرا کی جانب سے فروری کے ماہ کیلئے ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق ماہ فروری کیلیے ایل پی جی کی قیمت میں فی کلو 3 روپے 68 پیسے کا اضافہ کردیا گیا ہے۔اضافے کے بعد ایل پی جی کی فی کلو قیمت 253 روپے 97 پیسے مقرر کی گئی ہے۔ قیمت بڑھنے کے بعد گھریلو سلنڈر43 روپے 52 پیسے مہنگا ہوگیا ہے اور 11.8 کلو کے گھریلو سلنڈرکی قیمت 2996 روپے 88 پیسے ہوگئی ہے۔ دوسری جانب ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔ ادارہ شماریات کی تازہ رپورٹ کے مطابق مہنگائی کی شرح میں 0.36 فیصد کمی دیکھی گئی، جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی مجموعی شرح میں بھی 0.44 فیصد کمی ہوئی ہے۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے 9 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ، 16 میں کمی جبکہ 26 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ٹماٹر کی قیمت میں 16 فیصد، پیاز میں 12 فیصد اور انڈوں میں 5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، چکن کی قیمت میں 1 فیصد، چینی میں 3 فیصد اور کیلے میں 5 فیصد اضافہ ہوا۔ ماہرین کے مطابق مہنگائی کی رفتار میں کمی خوش آئند ہے، لیکن عوام اب بھی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے منتظر ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں