اہم پی ٹی آئی رہنماؤں کو بڑا ریلیف مل گیا

اسلام آباد(پی این آئی) انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے احتجاج اور توڑ پھوڑ کیس میں پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل وزیر، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور فیصل امین کی عبوری ضمانت میں 5 دسمبر تک توسیع کر دی۔

تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت کی۔ زرتاج گل وزیر کے وکلاء سردار مصروف، آمنہ علی اور زاہد بشیر ڈار عدالت میں پیش ہوئے۔عمر ایوب کی جانب سے حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کی گئی جس پر عدالت نے عمر ایوب کی حاضری معافی کی استدعا منظور کر لی۔جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے ریمارکس دیئے کہ فیصل امین اور عمر ایوب کی بھی ضماتیں لگی ہیں، 5 دسمبر کو رکھ لیتے ہیں۔

سردار مصروف ایڈووکیٹ نے کہا کہ دو شریک ملزمان کی مقدمے میں ایک جیسے کردار پر ضمانت منظور ہو چکی۔جج نے ریمارکس دیئے کہ اسٹیٹس ایک ہے تو ایک ہی دن دیکھ لیتے ہیں۔زرتاج گل وزیر نے کہا کہ ہمیں اسٹیٹس کی ہی سزا مل رہی ہے۔عدالت نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 5 دسمبر تک ملتوی کر دی۔یاد رہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف احتجاج اور توڑ پھوڑ پر تھانہ سنگجانی میں مقدمہ درج ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں