پشاور(پی این آئی) خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری پرائمری سکولوں کے طالب علموں کو مفت کھانا دینے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کا اجلاس ہوا، جس میں سرکاری سکولوں کے بچوں کے لئے خیبر پختونخوا حکومت نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے سرکاری پرائمری سکولوں میں “سکول کھانہ پروگرام” شروع کرنے کا اصولی فیصلہ کیا۔
اعلامیے کے مطابق پروگرام کے تحت صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کے پرائمری سکولوں میں بچوں کو مفت کھانا فراہم کیا جائے گا۔ ابتدائی طور ایبٹ آباد اور سوات میں بطور پائلٹ پراجیکٹ پروگرام کا آغاز کیا جائے گا۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ کامیابی کے بعد پروگرام کو صوبے کے دیگر ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں بھی شروع کیا جائے گا، پروگرام کے تحت کم و بیش 70 ہزار بچوں کو روزانہ مفت اور معیاری کھانا فراہم کرنے کی تجویز ہے۔اس پروگرام پر سالانہ 50 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے جو صوبائی حکومت برداشت کرے گی، مجوزہ پروگرام پر عملدرآمد کے لئے محکمہ سماجی بہبود اور نجی فلاحی تنظیم کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے جائیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں