لاہور(پی این آئی) ویسٹ انڈیز ٹیم کے سابق کپتان ڈیرن سیمی نے بھی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ بنائے جانے کی پیشکش کو مسترد کردیا
۔ڈیرن سیمی پی ایس ایل 9 کیلئے پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ تھے تاہم ڈیرن سیمی نے پاکستان مینز کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ بننے کی پی سی بی کی پیشکش قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔بتایا جارہا ہے کہ ڈیرن سیمی کے انکار کی وجہ ان کا ویسٹ انڈیز بورڈ کے ساتھ ہوا موجودہ معاہدہ ہے جس میں وہ ون ڈے انٹرنیشنلز اور ٹی ٹوئنٹی میں سائیڈ ہیڈ کوچ کے طور پر اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔یہ پیشرفت اس وقت سامنے آئی ہے جب شین واٹسن پی سی بی کی ہیڈ کوچ بنائے جانے کی پیشکش مسترد کرنے کے بعد دو روز قبل وطن واپس لوٹ گئے ہیں۔ شین واٹسن نے کراچی میں جاری پی ایس ایل میچز کے دوران پی سی بی حکام سے تفصیلی بات چیت کی تھی، اسی دوران پی سی بی نے انہیں ہیڈ کوچ کے عہدے کی پیشکش کی جس کیلئے سابق کرکٹر نے پیشکش میں شرائط طے کرتے ہوئے ابتدائی طور پر دلچسپی ظاہر کی تھی تاہم 2 ملین ڈالر کی مبینہ پیشکش کے باوجود واٹسن نے میڈیا پر پی سی بی کے مجوزہ پیکج سے متعلق معلومات لیک ہونے کے باعث پیشکش مسترد کر دی۔
سابق آسٹریلین آل راؤنڈر نے انکار کیلئے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی کمنٹری اور میجر لیگ کرکٹ ٹیم سان فرانسسکو یونیکورنز کے ہیڈ کوچ کے عہدے کا بھی حوالہ دیا۔سیمی اور واٹسن دونوں کے ہیڈ کوچ کی دوڑ سے باہر ہونے کے بعد پی سی بی نیوزی لینڈ کے خلاف 14 اپریل سے شروع ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل اور 25 مارچ سے 8 اپریل تک کاکول میں ہونے والے تربیتی کیمپ کے دوران قومی ٹیم کی نگرانی کے لیے عبوری انتظامات پر غور کر سکتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں