مظفرآباد (پی این آئی ) صدر ریاست آزادجموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی کال پر 5اگست 2019کو بھارت کی جانب سے آرٹیکل 35Aاور 370 کو ختم کر کے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو تبدیل کرنے کے خلاف دنیا بھر میں کشمیریوں کے زبردست احتجاجی مظاہرے منعقد کیے گئے۔
اس موقع پر امریکہ میں نیو یارک کے ٹائم اسکوائر، برطانیہ میں لندن میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے، جبکہ بیلجئم میں برسلز میں یورپی یونین کے سامنے، فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ایفل ٹاور کے سامنے، جبکہ ہالینڈ میں دی ہیگ میں عالمی عدالت انصاف کے سامنے، آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن میں بھارتی سفارخانے کے سامنے سمیت دنیا بھر کے دیگر شہروں میں بھارت کے غیر قانونی اقدام کے خلاف کشمیریوں نے زبردست احتجاجی مظاہرے کیے۔
اس موقع پر مظاہرین گو مودی گو، بھارتی غاصبو کشمیر ہمارا چھوڑ دو، مودی قصائی کشمیریوں کا قاتل، مودی دہشت گرد، لے کر رہیں گے آزادی، ہے حق ہمارا آزادی، کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دیا جائے جیسے فلک شگاف نعرے لگائے گئے، اس موقع پر مظاہرین نے آزاد کشمیر کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے جبکہ مظاہروں میں خواتین کی بھی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر مظاہروں میں خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بھارت جان لے کہ وہ اپنے توپ و تفنگ سے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو دبا نہیں سکتا اور مقبوضہ کشمیر انشاء اللہ جلد بھارتی تسلط سے آزاد ہو کر رہے گا۔ اقوام متحدہ کشمیری عوام کو ان کا حق خو ارادیت دے۔ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و بربریت بند کرانے کے لیے عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں