گرمی سے پریشان شہریوں کو ٹھنڈی ٹھنڈی نوید سنا دی گئی

اسلام آباد (پی این آئی) محکمہ موسمیات نے 25 سے 30 جون تک ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں آندھی /گرج چمک کے ساتھ پری مون سون بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، 25 جون سے گرمی کی لہر میں کمی کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مرطوب ہوائیں بحیرہ عرب سے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں۔ اس کےعلاوہ 25 جون سے ایک مغربی ہوائوں کا سلسلہ بھی ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جس کے باعث 24 جون کی رات سے 30 جون کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، کشمیر، گلگت بلتستان، چترال، سوات، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، کرم، بنوں، لکی مروت، کوہاٹ، میانوالی، سرگودھا، حافظ آباد، منڈی بہائو الدین، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں تیز ہوائوں اورگرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر تیز /موسلا دھار بارش کی بھی توقع ہے۔

رپورٹ کے مطابق 26 سے 29 جون کے دوران بارکھان، لورالائی، سبی، نصیر آباد، قلات، خضدار، ژوب، زیارت، موسیٰ خیل، ڈی آئی خان، کرک، وزیرستان، ڈی جی خان، راجن پور، ملتان، بھکر، لیہ، کوٹ ادو، بہاولپور، بہاولنگر، ساہیوال،پاکپتن، اوکاڑہ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر تیز /موسلا دھار بارش کا امکان ہے جبکہ سکھر اور جیکب آباد میں 27 /28 جون کو آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
موسم میں تبدیلی کے ممکنہ اثرات کے تحت گرمی کی موجودہ لہر میں کمی کا امکان ہے۔ موسلا دھار بارش کے باعث 26 اور 27 جون کو اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، گوجرانوالہ اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ جبکہ مری، گلیات، کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔ موسلا دھار بارش سے 27 جون کو ڈی جی خان اور شمال مشرقی بلوچستان کے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں سیلابی صورت حال کا اندیشہ ہے۔

اس دوران مسافروں اور سیاحوں کو کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے محتاط رہنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔ کسان حضرات موسمیا تی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے زرعی معاملات ترتیب دیں۔ آندھی/جھکڑ/گرج چمک اور شدید بارشوں کے باعث کمزور انفراسٹرکچر جیسے کے بجلی کے کھمبے، سولر پینل وغیرہ کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اس دوران عوام کومحفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو اس دوران الرٹ رہنے اور ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا بھی مشورہ دیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں