صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وفاقی حکومت کو بڑا جھٹکا دیدیا

اسلام آباد ( پی این آئی ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل بغیر دستخط واپس بھجوا دیا، اس ضمن میں کہا گیا ہے کہ بل سے بلدیاتی انتخابات میں مزید تاخیر ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 75 کی شق (1) (b) کے تحت اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری لوکل گورنمنٹ (ترمیمی) بل 2022ء کو بغیر دستخط کے واپس کر دیا ہے، بل کو یہ کہہ کر واپس کر دیا گیا کہ اس سے بلدیاتی انتخابات میں مزید تاخیر ہوگی، وفاقی حکومت کے عجلت میں اٹھائے گئے اقدامات کے نتیجے میں انتخابی عمل میں دو بار تاخیر ہوئی جو کہ جمہوریت کے لیے مثبت نہیں۔صدر مملک کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کے مندرجہ ذیل غلط اقدامات کی وجہ سے اسلام آبادکیپیٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) میں انتخابات نہیں ہو سکے، جہاں 50 یونین کونسلوں کی حد بندی مکمل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان (ECP) نے31 جولائی 2022 کو مقامی حکومتوں کے انتخابات کا فیصلہ کیا لیکن پولنگ کی تاریخ کے اعلان کے باوجود وفاقی حکومت نے یونین کونسلوں کی تعداد 50 سے بڑھا کر 101 کر دی جس کے نتیجے میں انتخابات التوا کا شکار ہوئے۔

ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 101 یونین کونسلوں کی حد بندی کے بعد ای سی پی نے 31 دسمبر 2022 کو آئی سی ٹی میں انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا لیکن موجودہ بل کے سیکشن 3 کے مطابق انتخابات کے شیڈول کے اعلان کے بعد میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخابات کا طریقہ تبدیل کر دیا گیا ہے،موجودہ بل کا سیکشن 2 آئی سی ٹی میں 125 یونین کونسلوں کا ذکر کرتا ہے، اس لیے 31 دسمبر 2022ء کو ہونے والے انتخابات دوبارہ ملتوی کر دیے گئے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں