اسلام آباد (پی این آئی) ملک بھر میں جاری بجلی کی لوڈشیڈنگ اور پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیشِ نظر ٹیلی کام اور انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں نے سروس معطلی کا عندیہ دے دیا۔ اس حوالے سے ٹیلی کام کمپنیوں نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کو لکھے گئے مشترکہ خط میں کہا ہے کہ بجلی کے بحران کے باعث ٹیلی کام کمپنیوں کو خدمات جاری رکھنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ اور بیک اپ آلات کی درآمد میں رکاوٹ کی وجہ سے ٹاور اور تنصیبات کے لیے بیک اپ بجلی کی مسلسل فراہمی ممکن نہیں رہی، جس کے باعث ملک میں ٹیلی کام سروسز اور براڈ بینڈ انٹرنیٹ کی سروس معطل ہونے کا خدشہ ہے۔ کمپنیوں کا کہنا ہے کہ طویل و غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث ان کے لیے سروس کے معیار اور نیٹ ورک کی توسیع سے متعلق لائسنس کی شرائط پوری کرنا مشکل ہو گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ان کمپنیوں کو ٹیلی کام آلات اور بیک اپ بیٹریاں درآمد کرنے میں بھی مشکلات درپیش ہیں جس کے باعث لوڈشیڈنگ کے دوران سیلولر ٹاورز کو مہنگے ایندھن پر کئی کئی گھنٹے بیک اپ فراہم کرنا مشکل ہے۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں