بھارت مسئلہ کشمیر کوختم اورکشمیر کو ہڑپ کرنا چاہتا ہے، مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر جارحانہ انداز میں اُٹھانا ہو گا، صدر آزاد کشمیر کی سابق ممبر یورپین پارلیمنٹ سجاد کریم سے گفتگو

مظفرآباد (پی این آئی) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت مسئلہ کشمیر کوختم اورکشمیر کو ہڑپ کرنا چاہتا ہے 05 اگست 2019 کو مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 370اور 35-Aختم کرنے کے بعد ایسے اقدامات اُٹھا رہا ہے ایوان صدر کشمیر ہاوس اسلام میں صدر آزادکشمیر سے ملاقات کرنے والے سابق ممبر یورپین پارلیمنٹ سجاد کریم سے گفتگو کرتے ہوئے صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی آزادکشمیر پر حملے کی دھمکیوں کو سنجیدگی سے لینا چاہیے اور اب وقت آگیا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر جارحانہ انداز میں اُٹھانا ہو گا۔

امید ہے کہ ہمارے کشمیری اور پاکستانی یورپی ممبران پارلیمنٹ مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اُجاگر کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر سابق ممبر یورپی پارلیمنٹ سجاد کریم نے کہا کہ میں پہلے بھی آپ کے ساتھ مل کر مسئلہ کشمیر پر آواز اُٹھاتا رہا ہوں اور آئندہ بھی اُٹھاتا رہوں گا کیونکہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہاء ہو چکی ہے۔ لہذا ایسی صورتحال میں میں نے آپ کے ساتھ پہلے مل کر آواز اُٹھائی ہے اور اب بھی ہم مل کر اس سلسلے میں ہر فورم پر آواز اُٹھائیں گے۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ایسے اقدامات اُٹھا رہا ہے جس سے وہ مسئلہ کشمیر کو ختم کر سکے اس سلسلے میں اُس نے بیالیس لاکھ غیر ریاستی ہندوؤں کو جعلی ڈومیسائل جاری کیے ہیں اسی طرح چار ہزار سے زائد بھارتی شہریوں کوسرمایہ کاری کی آڑ میں جموں وکشمیر میں زمین الاٹ کی جا رہی ہے اسی طرح بھارت مقبوضہ کشمیر میں حلقہ بندیاں تبدیل کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے جس سے وہ ایک ہندؤ وزیر اعلیٰ کو لانے کی راہ ہموار کر رہا ہے۔ لہذا ایسی صورتحال میں عالمی برادری کو فوری نوٹس لینا چاہیے اور بھارت کو اس کے مذموم عزائم سے باز رکھنے کے لئے اقدامات اُٹھانے چاہیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں